تازہ ترین

Post Top Ad

loading...

منگل، 16 ستمبر، 2014

عقیقہ کے مسائل

مسئلہ(1):۔ جس کے کوئی لڑکا یا لڑکی پیدا ہو تو بہتر ہے کہ ساتویں دن اسکا نام رکھ دے اور عقیقہ کردے۔ عقیقہ کر دینے سے بچے کی سب الا بلا دور ہوجاتی ہے اور آفتوں سے حفاظت رہتی ہے۔

مسئلہ(2):۔ عقیقہ کا طریقہ یہ ہے کہ اگر لڑکا ہو تو دو بکری یا دو بھیڑ اور لڑکی ہو تو ایک بکری یا ایک بھیڑ ذبح کرے یا قربانی کی گائے میں لڑکے کے واسطے دو حصے اور لڑکی کے واسطے ایک حصہ لے لیوے، اور سر کے بال منڈا دے ، اور بال کے برابر چاندی یا سونا تول کر خیرات کرے اور بچہ کے سر میں اگر دل چاہے تو زعفران لگا دے۔

مسئلہ(3):۔ اگر ساتویں دن عقیقہ نہ کرے تو جب کرے ساتویں دن ہونے کا خیال کرنا بہتر ہے۔ اور اسکا طریقہ یہ ہے کہ جس دن بچہ پیدا ہوا ہو اس سے ایک دن پہلے عقیقہ کردے، یعنی اگر جمعہ کو پیدا ہوا تو جمعرات کو عقیقہ کردے اور اگر جمعرات کو پیدا ہوا تو بدھ کو کردے۔ چاہے جب کرے وہ حساب سے ساتواں دن پڑے گا۔

مسئلہ(4):۔ یہ جو دستور ہے کہ جس وقت بچہ کے سر پر استرا رکھا جائے اور نائی سر مونڈنا شروع کرے فوراََ اسی وقت بکری ذبح ہو ۔ یہ محض مہمل رسم ہے۔ شریعت سے سب جائز ہے، چاہے سر مونڈنے کے بعد ذبح کرے یا ذبح کرلے تب سر مونڈے بے وجہ ایسی باتیں تراش لینا برا ہے۔

مسئلہ(5):۔ جس جانور کی قربانی جائز نہیں اسکا عقیقہ بھی درست نہیں، اور جس کی قربانی درست ہے اسکا عقیقہ بھی درست ہے ۔

مسئلہ(6):۔ عقیقہ کا گوشت چاہے کچا تقسیم کرے ، چاہے پکا کر بانٹے، چاہے دعوت کر کے کھلا دے سب درست ہے۔

مسئلہ(7):۔ عقیقہ کا گوشت باپ، دادا، نانا، نانی، دادی وغیرہ سب کو کھانا درست ہے۔

مسئلہ(8):۔ کسی کو زیادہ توفیق نہیں اسلئے اس نے لڑکے کی طرف سے ایک ہی بکری کا عقیقہ کیا تو اسکا بھی کچھ حرج نہیں ہے۔ اور اگر بالکل عقیقہ ہی نہ کرے تو بھی کچھ حرج نہیں۔

Post Top Ad

loading...