Header Ads

Jin Wajho Se Roza Na Rakhna Jayez Hai

مسئلہ(1):۔ اگر ایسی بیماری ہو کہ روزہ نقصان کرتا ہے اور یہ ڈر ہے کہ  اگر روزہ رکھے گا تو بیماری بڑھ جائے گی یا دیر میں اچھی ہوگی یا جان جاتی رہے گی تو روزہ نہ رکھے۔ جب اچھا ہواجائے تو اس کی قضا رکھ لے، لیکن فقط اپنے دل سے ایسا خیال کر لینے سے روزہ چھوڑ دینا درست نہیں بلکہ جب کوئی مسلمان دیندار حکیم و ڈاکٹر کہہ دے  کہ روزہ تم کو نقصان کریگا تب چھوڑنا چاہیئے۔
مسئلہ(2):۔ اگر حکیم یا ڈاکٹر کافر ہے یا شرع کا پابند نہیں تو اس کی بات کا اعتبار نہیں فقط اس کے کہنے سے روزہ نہ چھوڑے۔
مسئلہ(3):۔ اگر حکیم نے تو کچھ نہیں کہا  لیکن خود اپنا تجربہ ہے اور کچھ ایسی نشانیاں معلوم ہیں جن کی وجہ سے دل گواہی دیتا ہے کہ روزہ نقصان کریگا تب بھی روزہ نہ رکھے۔ اور اگر خود تجربہ کار نہ ہو اور اس بیماری کا کچھ حال معلوم نہ ہو تو فقط خیال کا اعتبار نہیں۔ اگر دیندار حکیم کے بغیر بتائے اور بے تجربہ کے اپنے خیال ہی خیال  پر رمضان کا روزہ توڑے گا تو  کفارہ  دینا پڑے گا اور اگر روزہ نہ رکھے گا تو گنہ گار ہوگا۔
مسئلہ(4):۔ اگر بیماری سے اچھے ہوگئے  لیکن ابھی ضعف باقی ہے اور غالب گمان ہے کہ اگر روزہ رکھا  تو پھر بیمار پڑ جائے گا تب بھی روزہ نہ رکھنا جائز ہے۔
مسئلہ(5):۔ اگر کوئی سفر میں ہو تو اسکو بھی درست ہے کہ روزہ نہ رکھے پھر کبھی اسکی قضا رکھ لے۔(لیکن آج کے زمانے سفر میں کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوتی اسلئے  روزہ نہیں چھوڑنا چاہیئے)
مسئلہ(6):۔ سفر میں اگر روزے سے تکلیف نہ ہو جیسے ریل پر سوار ہے اور یہ خیال ہے کہ شام تک گھر پہونچ جاؤنگا یا  اپنے ساتھ سب آرام و راحت کا سامان موجود ہے تو ایسے وقت سفر میں بھی روزہ رکھ لینا بہتر ہے۔ اور اگر روزہ نہ رکھے تب بھی کوئی گناہ نہیں ۔
ہاں رمضان شریف کے روزے کی جو فضیلت ہے  اس سے محروم رہے گا۔
اور اگر راستے میں روزہ کی وجہ سے تکلیف اور پریشانی ہو تو ایسے وقت روزہ نہ رکھنا بہتر ہے۔
مسئلہ(7):۔ اگر بیماری سے اچھا نہیں ہوا اسی میں مر گیا یا ابھی گھر نہیں پہونچا مسافرت میں ہی مرگیا تو جتنے روزے بیماری یا سفر کی وجہ سے چھوٹے ہیں آخرت میں انکا مواخذہ نہ ہوگا کیونکہ قضا رکھنے کی مہلت ابھی اسکو نہیں ملی تھی۔
مسئلہ(8):۔  اگر بیماری میں دس روزے گئے تھے پھر پانچ دن اچھا رہا لیکن قضا روزے نہیں رکھے تو پانچ روزے تو معاف ہیں، فقط پانچ روزے کی قضا نہ رکھنے پر پکڑ ہوگی۔
اور اگر پورے دس دن  اچھے رہے تو  پورے دسوں دن کی پکڑ ہوگی، اس لئے ضروری ہے کہ جتنے روزوں کا مواخذہ اس پر ہونے والا ہے اتنے دنوں کا فدیہ دینے کیلئے کہہ کر مرے جب کہ اس کے پاس مال ہو۔ (فدیہ کا تذکرہ ہم فدیہ کے بیان میں کریں گے کہ ایک آدمی کا فدیہ کتنا ہوتا ہے ؟اور کس کو دینا ہے کیسے دینا ہے؟)
مسئلہ(9):۔ اسی طرح اگر مسافرت میں روزے چھوڑدئے تھے پھر گھر پہونچنے کے بعد مرگئے تو جتنے دن گھر میں رہے فقط اتنے دن کی پکڑ ہوگی، اسکو بھی چاہئے کہ فدیہ کی وصیت کر جائے۔ اگر روزے گھر رہنے کی مدت سے زیادہ  چھوٹے ہوں توانکا مواخذہ نہیں ہے۔
مسئلہ(10):۔ اگر راستہ میں پندرہ دن رہنے کی نیت سے ٹھہر گئے تو اب روزہ چھوڑنا درست نہیں، کیونکہ شرع سے اب وہ مسافر نہیں رہا۔ البتہ اگر پندرہ دن سےکم ٹھہرنے کی نیت ہو تو روزہ نہ رکھنا درست ہے۔
مسئلہ(11):۔ حاملہ عورت اور دودھ پلانے والی عورت کو جب اپنی جان کایا بچے کی جان کا کچھ ڈر ہو تو روزہ نہ رکھے، پھر کبھی قضا رکھ لیوے۔
لیکن اگر اپنا شوہر مالدار ہے کہ کوئی انا(دودھ پلانے والی)رکھ کر دودھ پلوا سکتا ہے تو دودھ پلانے کی وجہ سے ماں کو روزہ چھوڑنا درست نہیں۔ البتہ اگر وہ ایسا بچہ ہے کہ سوائے اپنی ماں کے کسی اور کا دودھ نہیں پیتا ہے تو ایسے وقت ماں کو روزہ نہ رکھنا درست ہے۔
مسئلہ(12):۔ کسی دودھ پلانے والی نے دودھ پلانے کی نوکری کی پھر رمضان آگیا اور روزہ سے بچہ کی جان کا ڈر ہے تو دودھ پلانے والی کو بھی روزہ نہ رکھنا درست ہے۔
مسئلہ(13):۔ عورت کا حیض آگیا  یا بچہ پیدا ہوا  اور نفاس ہوگیا  تو حیض و نفاس رہنے تک روزہ رکھنا درست نہیں۔
مسئلہ(14):۔ اگر رات کو پاک ہوگئی  تو اب صبح کو روزہ نہ چھوڑے  اگر رات کو نہ نہائی ہو تب بھی روزہ رکھ لے اور صبح کو نہا لے اور اگر صبح ہونے کے بعد پاک ہوئی تو اب پاک ہونے   کے بعد روزہ کی نیت کرنا درست نہیں ، لیکن کچھ کھانا پینا بھی درست نہیں ۔ اب دن بھر روزہ داروں کی طرح رہنا چاہیئے۔
مسئلہ(15):۔  اسی طرح اگر کوئی دن کو مسلمان ہوایا دن کو جوان ہوا تو اب دن بھر کچھ کھانا پینا درست نہیں ہے۔ اور اگر کچھ کھا لیا  تو اس روزہ کی قضا رکھنا بھی  نئے مسلمان اور نئے جوان کے ذمے  واجب نہیں ہے۔
مسئلہ(16):۔ مسافرت میں روزہ نہ رکھنے کا اردہ تھا ، لیکن دوپہر سے ایک گھنٹہ پہلے ہی اپنے گھر پہونچ گیا  یا ایسے وقت میں  پندرہ دن  رہنے کی نیت سے کہیں ٹھہر گیا اور اب تک کچھ کھایا پیا نہیں ہے تو اب روزہ کی نیت کرلے۔
A330Pilot کی طرف سے پیش کردہ تھیم کی تصویریں. تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.