Header Ads

Sehri Khane Aur Iftar Karne Ke Masayel

مسئلہ(1):۔ سحری کھانا سنت ہے، اگر بھوک نہ ہو کھانا نہ کھائے تو کم از کم دو تین چھوہارے ہی کھا لے۔ یا کوئی اور چیز تھوڑی بہت کھا لے، کچھ نہ سہی تو تھوڑا سا پانی ہی پی لے۔
مسئلہ(2):۔ اگر کسی نے سحری نہ کھائی اور اک آدھ پان کھا لیا تو بھی سحری کا ثواب مل گیا۔
مسئلہ(3):۔سحری میں جہاں تک ہوسکے دیر کر کے کھانا بہتر ہے، لیکن اتنی دیر نہ کرے کہ صبح ہونے لگے اور روزہ میں شبہ پڑ جائے۔
مسئلہ(4):۔ اگر سحری بڑی جلدی کھالی مگر اس کے بعد پان، تمباکو اور چائے پانی دیر تک کھاتے پیتے رہے اور جب صبح ہونے میں تھوڑی دیر رہ گئی تب کلی کر ڈالی، تب بھی دیر کر کے کھانے کا ثواب مل گیا اور اس کا بھی وہی حکم ہے جو دیر کر کے کھانے کا ہے۔
مسئلہ(5):۔ اگر رات کو سحری کھانے کے لئے آنکھ نہ کھلی سب کے سب سوگئے تو بے سحری کھائے صبح کا روزہ رکھو۔
سحری چھوٹ جانے سے روزہ چھوڑ دینا بڑی کم ہمتی کی بات اور بڑا گناہ ہے۔
مسئلہ(6):۔ جب تک صبح نہ ہواور فجر کا وقت نہ آئے تب تک سحری کھانا درست ہے، اس کے بعد درست نہیں۔‬
مسئلہ(7):۔ کسی کی آنکھ دیر میں کھلی اور  یہ خیال ہوا کہ ابھی رات باقی ہے اس گمان پر سحری کھالی پھر معلوم ہوا  کی صبح ہوجانے کے بعد سحری کھائی تھی تو روزہ نہیں ہوا قضا رکھے کفارہ واجب نہیں، لیکن پھر بھی کچھ کھائے پئیے نہیں  روزہ داروں کی طرح رہے۔
اسی طرح اگر سورج ڈوبنے کے گمان سے  روزہ کھول لیا  پھر سورج نکل آیا  تو روزہ ٹوٹ گیا اس کی قضا رکھے کفارہ واجب نہیں اور اب جب تک سورج نہ ڈوب جاوے کچھ کھانا پینا درست نہیں ۔
مسئلہ(8):۔ اگر اتنی دیر ہوگئی کی صبح ہوجانے کا شبہ ہوگیا تو اب کچھ کھانا مکروہ ہے اور اگر ایسے وقت کچھ کھا لیا یا پانی پی لیا  تو برا کیا اور گناہ ہوا۔
پھر اگر معلوم ہوگیا  کہ اس وقت صبح ہوگئی تھی تو اس روزہ کی قضا رکھے اور اگر کچھ نہ معلوم ہو شبہ ہی شبہ رہ جائے تو قضا رکھنا واجب نہیں ہے۔
لیکن احتیاط کی بات یہ ہے کہ اس کی قضا رکھ لیوے۔
مسئلہ(9):۔ مستحب یہ ہے کہ جب سورج  یقیناََ ڈوب جائے تو فوراََ روزہ کھول ڈالے۔ دیر کر کے روزہ کھولنا مکروہ ہے۔
مسئلہ(10):۔ بدلی (ابر) کے دن ذرا دیر کرکے روزہ کھولو،  جب خوب یقین ہوجائے کی سورج ڈوب گیا ہوگا تب افطار کرو اور صرف گھڑی وغیرہ   پر کچھ اعتماد نہ کرو جب  تک کہ تمہارا دل گواہی نہ دے دے۔ کیونکہ گھڑی شاید کچھ غلط ہوگئی ہو بلکہ اگر کوئی اذان بھی کہہ  دے لیکن ابھی وقت آنے میں کچھ شبہ ہے تب بھی روزہ کھولنا درست نہیں۔
مسئلہ(11):۔ چھوہارے سے روزہ کھولنا بہتر ہے یا اور کوئی میٹھی چیز ہو اس سے کھولے، وہ بھی نہ ہو تو پانی سے افطار کرے۔ بعض عورتیں اور بعض مرد نمک کی کنکری سے افطار کرتے ہیں اور اس میں ثواب سمجھتے ہیں، یہ غلط عقیدہ ہے۔
مسئلہ(12):۔  جب تک سورج کے ڈوبنے میں شبہ رہے تب تک افطار کرنا جائز نہیں۔
A330Pilot کی طرف سے پیش کردہ تھیم کی تصویریں. تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.