Header Ads

پیداوار کی زکوٰۃ کا بیان

مسئلہ(1):۔ کوئی شہر کافروں کے قبضے میں تھا وہی لوگ وہاں رہتے سہتے تھے پھر مسلمان ان پر چڑھ آئے اور لڑ کر وہ شہر ان سے چھین لیا  اور وہاں دینِ اسلام پھیلایا اور مسلمان بادشاہوں نے کافروں سے لیکر شہر کی ساری زمین  ان ہی  مسلمانوں کو بانٹ دی  تو ایسی زمین کو شرع میں عشری کہتے ہیں اور اگر اس شہر کے رہنے والے  لوگ سب کے سب اپنی خوشی سے  مسلمان ہوگئے لڑنے کی ضرورت نہیں پڑی تب بھی اس شہر کی سب زمیں عشری کہلائے گی اور عرب کے ملک کی بھی ساری زمین عشری ہے۔
مسئلہ(2):۔ اگر کسی کے باپ دادا سے یہی  عشری زمین  برابر چلی آتی ہو یا کسی ایسے مسلمان سے خریدی جس کے پاس اسی طرح چلی آتی ہو تو ایسی زمین میں جو کچھ پیدا ہوا  اس میں بھی زکوٰۃ  واجب ہے۔
اور طریقہ اس کا یہ ہے کہ اگر کھیت کو سینچنا نہ پڑے فقط بارش کے پانی سے پیداوار ہوگئی  یا ندی دریا کے کنارے پر ترائی میں کوئی چیز بوئی  اور بے سینچے پیدا ہوگئی  تو ایسے کھیت میں جتنا پیدا ہوا  اسکا دسواں حصہ خیرات کر دینا واجب ہے۔
یعنی دس کلو میں سے ایک کلو ، دس کنٹل میں سے ایک کنٹل۔
اور اگر کھیت کو ٹیوبل یا کسی اور طریقے سے سینچا ہو تو پیداوار کا بیسواں حصہ خیرات کرے، یعنی بیس کلو میں سے ایک کلو، بیس کنٹل میں سے ایک کنٹل۔ اور یہ حکم باغ کا بھی ہے۔
ایسی زمیں میں کتنی بھی تھوڑی چیز پیدا ہوئی ہو ، بہر حال یہ صدقہ خیرات کرنا واجب ہے، کم اور زیادہ ہونے میں کچھ فرق نہیں ہے۔
مسئلہ(3):۔ اناج ، ساگ، ترکاری، میوہ، پھل، پھول وغیرہ  جو کچھ پیدا ہو سب کا یہی حکم ہے ۔ (جو مسئلہ نمبر 2 میں گذرا)
مسئلہ(4):۔ عشری زمین یا پہاڑ یا جنگل سے  اگر شہد نکالا تو اس میں بھی یہ صدقہ واجب ہے۔ (جو مسئلہ نمبر 2 میں گذرا)
مسئلہ(5):۔ کسی نے اپنے گھر کے اندر کوئی درخت لگایا یا کوئی چیز ترکاری کی قسم سے یا اور کچھ بویا اور اس میں پھل آیا  تو اس میں یہ صدقہ واجب نہیں۔(جو مسئلہ نمبر 2 میں گذرا)
مسئلہ(6):۔ اگر عشری زمیں کوئی کافر خرید لے تو وہ عشری نہیں رہتی، پھر اگر اس سے مسلمان بھی خرید لے یا کسی اور طور پر اسکو  مل جائے  تب بھی وہ عشری نہ ہوگی۔
مسئلہ(7):۔ یہ بات کہ یہ دسواں اور بیسواں حصہ کس کے ذمہ ہے، یعنی زمین کے مالک پر ہے یا پیداوار کے مالک پر؟؟
 اس میں بڑا عالموں کا  اختلاف ہے، مگر ہم آسانی کے واسطے یہی بتلایا کرتے ہیں  کہ پیداوار والے کے ذمہ ہے۔ سو اگر کھیت ٹھیکہ پر ہو خواہ نقد پر یا غلہ پر تو کسان کے ذمہ ہوگا  اور اگر کھیت بٹائی پر ہو تو زمیندار اور کسان دونوں اپنے اپنے حصہ کا دیں۔
A330Pilot کی طرف سے پیش کردہ تھیم کی تصویریں. تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.