تازہ ترین

Post Top Ad

loading...

بدھ، 25 ستمبر، 2013

عمرہ(حصہ دوم)

(عمرہ(حصہ دوم

(حصہ اول کیلئے یہاں کلک کریں)-( حصہ سوم کیلئے یہاں کلک کریں)

حج و عمرہ کی اِصطلاحات

          (حج کے مسائل میں بعض عربی الفاظ استعمال ہوتے ہیں، بعض احباب کا تقاضا ہے کہ شروع میں ان کے معنی لکھ دئیے جائیں، اس لئے ”معلّم الحجاج“ سے نقل کرکے چند الفاظ کے معنی لکھے جاتے ہیں۔)
          اِستلام:… حجرِ اَسود کو بوسہ دینا اور ہاتھ سے چھونا یا حجرِ اَسود اور رُکنِ یمانی کو صرف ہاتھ لگانا۔
          اِضطباع:… اِحرام کی چادر کو داہنی بغل کے نیچے سے نکال کر بائیں کندھے پر ڈالنا۔
          آفاقی:… وہ شخص ہے جو میقات کی حدود سے باہر رہتا ہو، جیسے ہندوستانی، پاکستانی، مصری، شامی، عراقی اور ایرانی وغیرہ۔
          اَیامِ تشریق:… ذوالحجہ کی گیارہویں، بارہویں اور تیرہویں تاریخیں ”اَیامِ تشریق“ کہلاتی ہیں۔ کیونکہ ان میں بھی (نویں اور دسویں ذوالحجہ کی طرح) ہر نمازِ فرض کے بعد ”تکبیرِ تشریق“ پڑھی جاتی ہے، یعنی: ”الله اکبر، الله اکبر لا الٰہ الا الله والله اکبر الله اکبر ولله الحمد“۔
          اَیامِ نحر:… دس ذی الحجہ سے بارہویں تک۔
          اِفراد:… صرف حج کا اِحرام باندھنا اور صرف حج کے افعال کرنا۔
          تسبیح:… ”سبحان الله“ کہنا۔


          تمتع:… حج کے مہینوں میں پہلے عمرہ کرنا پھر اسی سال میں حج کا اِحرام باندھ کر حج کرنا۔
          تلبیہ:… لبیک پوری پڑھنا۔
          تہلیل:… ”لا اِلٰہ الا الله“ پڑھنا۔
          جمرات یا جمار:… منیٰ میں تین مقام ہیں جن پر قدِ آدم ستون بنے ہوئے ہیں، یہاں پر کنکریاں ماری جاتی ہیں۔ ان میں سے جو مسجدِ خیف کے قریب مشرق کی طرف ہے اس کو ”جمرة الاُولیٰ“ کہتے ہیں، اور اس کے بعد مکہ مکرّمہ کی طرف بیچ والے کو ”جمرة الوسطیٰ“، اور اس کے بعد والے کو ”جمرة الکبریٰ“ اور ”جمرة العقبہ“ اور ”جمرة الاُخریٰ“ کہتے ہیں۔
          رَمل:… طواف کے پہلے تین پھیروں میں اکڑ کر شانہ ہلاتے ہوئے قریب قریب قدم رکھ کر ذرا تیزی سے چلنا۔
          رَمی:… کنکریاں پھینکنا۔
          زم زم:… مسجدِ حرام میں بیت اللہ کے قریب ایک مشہور چشمہ ہے جو اَب کنویں کی شکل میں ہے، جس کو حق تعالیٰ نے اپنی قدرت سے اپنے نبی حضرت اسماعیل علیہ السلام اور ان کی والدہ کے لئے جاری کیا تھا۔
          سعی:… صفا اور مروہ کے درمیان مخصوص طریق سے سات چکر لگانا۔
          شوط:… ایک چکر بیت اللہ کے چاروں طرف لگانا۔
          صفا:… بیت اللہ کے قریب جنوبی طرف ایک چھوٹی سی پہاڑی ہے جس سے سعی شروع کی جاتی ہے۔
          طواف:… بیت اللہ کے چاروں طرف سات چکر مخصوص طریق سے لگانا۔
          عمرہ:… حِلّ یا میقات سے اِحرام باندھ کر بیت اللہ کا طواف اور صفا و مروہ کی سعی کرنا۔
          عرفات یا عرفہ:… مکہ مکرّمہ سے تقریباً ۹ میل مشرق کی طرف ایک میدان ہے جہاں پر حاجی لوگ نویں ذی الحجہ کو ٹھہرتے ہیں۔
          قران:… حج اور عمرہ دونوں کا اِحرام ایک ساتھ باندھ کر پہلے عمرہ کرنا پھر حج کرنا۔
          قارِن:… قران کرنے والا۔
          قرن:… مکہ مکرّمہ سے تقریباً ۴۲ میل پر ایک پہاڑ ہے، نجد، یمن اور نجد حجاز اور نجد تہامہ سے آنے والوں کی میقات ہے۔
          قصر:… بال کتروانا۔
          محرِم:… اِحرام باندھنے والا۔
          مفرِد:… حج کرنے والا، جس نے میقات سے اکیلے حج کا اِحرام باندھا ہو۔
          میقات:… وہ مقام جہاں سے مکہ مکرّمہ جانے والے کے لئے اِحرام باندھنا واجب ہے۔
          جحفہ:… رابغ کے قریب مکہ مکرّمہ سے تین منزل پر ایک مقام ہے، شام سے آنے والوں کی میقات ہے۔
          جنّت المَعْلٰی:… مکہ مکرّمہ کا قبرستان۔
          جبلِ رَحمت:… عرفات میں ایک پہاڑ ہے۔
          حجرِ اَسود:… سیاہ پتھر، یہ جنت کا پتھر ہے، جنت سے آنے کے وقت دُودھ کی مانند سفید تھا، لیکن بنی آدم کے گناہوں نے اس کو سیاہ کردیا۔ یہ بیت اللہ کے مشرقی جنوبی گوشے میں قدِ آدم کے قریب اُونچائی پر بیت اللہ کی دیوار میں گڑا ہوا ہے، اس کے چاروں طرف چاندی کا حلقہ چڑھا ہوا ہے۔
          حرم:… مکہ مکرّمہ کے چاروں طرف کچھ دُور تک زمین ”حرم“ کہلاتی ہے، اس کی حدود پر نشانات لگے ہوئے ہیں، اس میں شکار کھیلنا، درخت کاٹنا، گھاس جانور کو چرانا حرام ہے۔
          حِلّ:… حرم کے چاروں طرف میقات تک جو زمین ہے اس کو ”حل“ کہتے ہیں، کیونکہ اس میں وہ چیزیں حلال ہیں جو حرم کے اندر حرام تھیں۔
          حلق:… سر کے بال منڈانا۔
          حطیم:… بیت اللہ کی شمالی جانب بیت اللہ سے متصل قدِ آدم دیوار سے کچھ حصہ زمین کا گھرا ہوا ہے، اس کو ”حطیم“ اور ”حظیرہ“ بھی کہتے ہیں۔ جنابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نبوّت ملنے سے ذرا پہلے جب خانہٴ کعبہ کو قریش نے تعمیر کرنا چاہا تو سب نے یہ اتفاق کیا کہ حلال کمائی کا مال اس میں صَرف کیا جائے، لیکن سرمایہ کم تھا اس وجہ سے شمال کی جانب اصل قدیم بیت اللہ میں سے تقریباً چھ گز شرعی جگہ چھوڑ دی، اس چھٹی ہوئی جگہ کو ”حطیم“ کہتے ہیں۔ اصل ”حطیم“ چھ گز شرعی کے قریب ہے، اب کچھ احاطہ زائد بنا ہوا ہے۔
          دَم:… اِحرام کی حالت میں بعضے ممنوع افعال کرنے سے بکری وغیرہ ذبح کرنی واجب ہوتی ہے، اس کو ”دَم“ کہتے ہیں۔
          ذوالحلیفہ:… یہ ایک جگہ کا نام ہے، مدینہ منوّرہ سے تقریباً چھ میل پر واقع ہے، مدینہ منوّرہ کی طرف سے مکہ مکرّمہ آنے والوں کے لئے میقات ہے، اسے آج کل ”بیر علی“ کہتے ہیں۔
          ذات عرق:… ایک مقام کا نام ہے جو آج کل ویران ہوگیا، مکہ مکرّمہ سے تقریباً تین روز کی مسافت پر ہے، عراق سے مکہ مکرّمہ آنے والوں کی میقات ہے۔
          رُکنِ یمانی:… بیت اللہ کے جنوب مغربی گوشے کو کہتے ہیں، چونکہ یہ یمن کی جانب ہے۔
          مطاف:… طواف کرنے کی جگہ جو بیت اللہ کے چاروں طرف ہے اور اس میں سنگِ مرمر لگا ہوا ہے۔
          مقامِ ابراہیم:… جنتی پتھر ہے، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اس پر کھڑے ہوکر بیت اللہ کو بنایا تھا، مطاف کے مشرقی کنارے پر منبر اور زم زم کے درمیان ایک جالی دار قبے میں رکھا ہوا ہے۔
          ملتزم:… حجرِ اَسود اور بیت اللہ کے دروازے کے درمیان کی دیوار جس پر لپٹ کر دُعا مانگنا مسنون ہے۔
          مسجدِ خیف:… منیٰ کی بڑی مسجد کا نام ہے، جو منیٰ کی شمالی جانب میں پہاڑ سے متصل ہے۔
          مسجدِ نمرہ:… عرفات کے کنارے پر ایک مسجد ہے۔
          مدعی:… دُعا مانگنے کی جگہ، مراد اس سے مسجدِ حرام اور مکہ مکرّمہ کے قبرستان کے درمیان ایک جگہ ہے جہاں دُعا مانگنی مکہ مکرّمہ میں داخل ہونے کے وقت مستحب ہے۔
          مزدلفہ:… منیٰ اور عرفات کے درمیان ایک میدان ہے جو منیٰ سے تین میل مشرق کی طرف ہے۔
          محسّر:… مزدلفہ سے ملا ہوا ایک میدان ہے جہاں سے گزرتے ہوئے دوڑ کر نکلتے ہیں، اس جگہ اصحابِ فیل پر جنھوں نے بیت اللہ پر چڑھائی کی تھی عذاب نازل ہوا تھا۔
          مروہ:… بیت اللہ کے شرقی شمالی گوشے کے قریب ایک چھوٹی سی پہاڑی ہے جس پر سعی ختم ہوتی ہے۔
          میلین اخضرین:… صفا اور مروہ کے درمیان مسجدِ حرام کی دیوار میں دو سبز میل لگے ہوئے ہیں، جن کے درمیان سعی کرنے والے دوڑ کر چلتے ہیں۔
          موقف:… ٹھہرنے کی جگہ، حج کے افعال میں اس سے مراد میدانِ عرفات یا مزدلفہ میں ٹھہرنے کی جگہ ہوتی ہے۔


          میقاتی:… میقات کا رہنے والا۔
          وقوف:… کے معنی ٹھہرنا، اور اَحکامِ حج میں اس سے مراد میدانِ عرفات یا مزدلفہ میں خاص وقت میں ٹھہرنا۔
          ہدی:… جو جانور حاجی حرم میں قربانی کرنے کو ساتھ لے جاتا ہے۔
          یومِ عرفہ:… نویں ذوالحجہ، جس روز حج ہوتا ہے اور حاجی لوگ عرفات میں وقوف کرتے ہیں۔
          یلملم:… مکہ مکرّمہ سے جنوب کی طرف دو منزل پر ایک پہاڑ ہے، اس کو آج کل ”سعدیہ“ بھی کہتے ہیں، یہ یمن اور ہندوستان اور پاکستان سے آنے والوں کی میقات ہے۔

Post Top Ad

loading...