تازہ ترین

Post Top Ad

loading...

بدھ، 25 ستمبر، 2013

عمرہ(حصہ اول)

(عمرہ(حصہ اول


( حصہ دوم کیلئے یہاں کلک کریں)-( حصہ سوم کیلئے یہاں کلک کریں)

عمرہ، حج کا بدل نہیں ہے
س… اسلام کا پانچواں رُکن (صاحبِ استطاعت کے لئے) فریضہٴ حج کی ادائیگی کرنا فرض ہے۔ مگر اکثر بزنس پیشہ حضرات جب وہ اپنا بزنس ٹرپ یورپ یا امریکہ وغیرہ کا کرتے ہیں تو وہ لوگ واپسی میں یا جاتے ہوئے مکة المکرمہ جاکر عمرہ ادا کرتے ہیں، اور یہی حال پاکستان کے اعلیٰ افسران کا ہے جو حکومت کے خرچ پر یورپ وغیرہ برائے ٹریننگ یا حکومت کے کسی کام سے جاتے ہیں تو وہ حضرات بھی واپسی میں عمرہ ادا کرکے آتے ہیں، مگر فریضہٴ حج ادا کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ غالباً ان کا خیال ہے کہ عمرہ ادا کرنا حج کا نعم البدل ہے۔ عرض کرنے کا مقصد ہے کہ عمرہ ادا کرنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ کیا عمرہ ادا کرنا حج کا نعم البدل ہے؟
ج… یورپ و امریکہ جاتے آتے ہوئے اگر عمرہ کی سعادت نصیب ہوجائے تو عمرہ تو کرلینا چاہئے، لیکن عمرہ، حج کا بدل نہیں ہے۔ جس شخص پر حج فرض ہو، اس کا حج کرنا ضروری ہے، محض عمرہ کرنے سے فرض ادا نہیں ہوگا۔
عمرہ اور قربانی کے لئے عقیقہ شرط نہیں
س… کیا وہ شخص عمرہ کرسکتا ہے جس کا عقیقہ نہیں ہوا ہو؟ اور اس طرح کیا وہ شخص قربانی کرسکتا ہے جس کا عقیقہ نہ ہوا ہو؟ کیونکہ ہم گزشتہ چار سالوں سے اللہ کے فضل و کرم سے قربانی کر رہے ہیں، جبکہ ہم میں سے کسی کا بھی عقیقہ نہیں ہوا۔ اور میرے بڑے بھائی پچھلے سال سعودی عرب نوکر پر گئے تھے، اللہ تبارک و تعالیٰ نے ان پر رحم فرمایا اور خانہٴ کعبہ کی زیارت سے مع عمرہ کے اسی عیدالفطر پر مشرف فرمایا۔
ج… عقیقے کا ہونا قربانی اور عمرہ کے لئے کوئی شرط نہیں، اس لئے جس کا عقیقہ نہیں ہوا اس کی قربانی اور عمرہ صحیح ہے۔
اِحرام باندھنے کے بعد اگر بیماری کی وجہ سے عمرہ نہ کرسکے تو اس کے ذمہ عمرہ کی قضا اور دَم واجب ہے
س… عمرہ کے لئے میں نے ۲۷/رمضان المبارک کو جدہ سے اِحرام باندھا، لیکن میری طبیعت بہت زیادہ خراب ہوگئی تھی، میں بالکل چل نہیں سکتا تھا، اور مجھے زندگی بھر افسوس رہے گا کہ میں ۲۷/رمضان المبارک کو عمرہ ادا نہ کرسکا اور میں نے وہ اِحرام عمرہ ادا کرنے کے بغیر کھول دیا۔ میں نے مجبوری سے عمرہ ادا نہیں کیا، اس گناہ کی بخشش کس طرح ہوسکتی ہے؟
ج… آپ کے ذمہ اِحرام توڑ دینے کی وجہ سے دَم بھی واجب ہے اور عمرہ کی قضا بھی لازم ہے۔
ذی الحجہ میں حج سے قبل کتنے عمرے کئے جاسکتے ہیں؟
س… ایامِ حج سے قبل (مراد یکم تا ۸/ذی الحجہ ہے) لوگ جب وطن سے اِحرام باندھ کر جاتے ہیں تو ایک عمرہ کرنے کے بعد فارغ ہوجاتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ وہ اس دوران مزید عمرے کرسکتے ہیں یا نہیں؟
ج… حج تک مزید عمرے نہیں کرنے چاہئیں، حج سے فارغ ہوکر کرے، حج سے پہلے طواف جتنے چاہے کرتا رہے۔
یومِ عرفہ سے لے کر ۱۳/ذی الحجہ تک عمرہ کرنا مکروہِ تحریمی ہے
س… میرے دوستوں کا کہنا ہے کہ حج کے اہم رُکن یومِ عرفہ سے لے کر ۱۳/ذی الحجہ تک عمرہ کرنا ممنوع ہے، اگر ممنوع ہے تو اس کی کیا وجہ ہے؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب دیں۔
ج… یومِ عرفہ سے ۱۳/ذوالحجہ تک پانچ دن حج کے دن ہیں، ان دنوں میں عمرہ کی اجازت نہیں، اس لئے عمرہ ان دنوں میں مکروہِ تحریمی ہے۔
عمرہ کا ایصالِ ثواب
س… اگر کوئی شخص عمرہ کرتے وقت دِل میں یہ نیت کرے کہ اس عمرہ کا ثواب میرے فلاں دوست یا رشتہ دار کو مل جائے، یعنی میرا یہ عمرہ میرے فلاں رشتہ دار کے نام لکھ دیا جائے تو کیا ایسا ہوسکتا ہے؟
ج… جس طرح دُوسرے نیک کاموں کا ایصالِ ثواب ہوسکتا ہے، عمرہ کا بھی ہوسکتا ہے۔
والدہ مرحومہ کو عمرہ کا ثواب کس طرح پہنچایا جائے؟
س… شوال کے مہینے میں ایک عمرہ اپنی والدہ مرحومہ کی طرف سے کرنے کا ارادہ ہے، میں عمرہ اپنی طرف سے کرکے ثواب ان کو بخش دُوں، یا عمرہ ان کی طرف کروں؟ اس کا کیا طریقہٴ کار ہوگا اور نیت کس طرح کی جائے گی؟
ج… دونوں صورتیں صحیح ہیں، آپ کے لئے آسان یہ ہے کہ عمرہ اپنی طرف سے کرکے ثواب ان کو بخش دیں، اور اگر ان کی طرف سے عمرہ کرنا ہو تو اِحرام باندھتے وقت یہ نیت کریں کہ: ”اپنی والدہ مرحومہ کی طرف سے عمرہ کا اِحرام باندھتا ہوں، یا اللہ! یہ عمرہ میرے لئے آسان فرما اور میری والدہ کی طرف سے اس کو قبول فرما۔“
ملازمت کا سفر اور عمرہ
س… ہم لوگ نوکری کے سلسلے میں سعودی عرب آئے اور جدہ میں اُترے اور پھر ایک ہزار میل دُور کام کے لئے چلے گئے۔ اس میں ہمیں پہلے عمرہ کرنا چاہئے تھا یا کہ بعد میں؟
ج… چونکہ آپ کا یہ سفر عمرہ کے لئے نہیں تھا، بلکہ ملازمت کے لئے تھا، اس لئے آپ جب بھی چاہیں عمرہ کرسکتے ہیں، پہلے عمرہ کرنا آپ کے لئے ضروری نہیں تھا، خصوصاً جبکہ اس وقت آپ کو مکہ مکرّمہ جانے کی اجازت ملنا بھی دُشوار تھا۔
کیا حج کے مہینے میں عمرہ کرنے والا اور عمرے کرسکتا ہے؟
س… ایک شخص نے اَشہرِ حج میں جاکر عمرہ ادا کیا، اب وہ حج تک وہاں ٹھہرتا ہے تو کیا اس دوران وہ مزید عمرے کرسکتا ہے؟
ج… متمتع کے لئے حج و عمرہ کے درمیان اور عمرے کرنا جائز ہے۔

Post Top Ad

loading...